نصیر جان لانگو کی 8ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،غلام نبی مری

پیر 28 مئی 2018 21:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبران غلام نبی مری نے کہا کہ پارٹی کے شہید رہنماء نصیر جان لانگو کی 8ویں برسی کے موقع پر بلوچ قوم کیلئے جدوجہد اور اپنے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،شہید رہنماء کو ایک ایسے وقت میںٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جب کوئٹہ کے قدیم بلوچ علاقوں میں جاری سرچ آپریشن ، انسانی حقوق ، چادر و چار دیواری کی پامالی کا دور دورہ تھا اور بی این پی کے سیاسی و نظریاتی کارکن بلوچ عوام کو سخت مشکل وقتوں میں جاری ناانصافیوں کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے مانند کھڑے ہر جگہ پر نارو ا سلوک کے خلاف سیاسی و جمہوری انداز میں جدوجہد میں مصروف عمل اپنے قومی بقاء تشخص ، سلامتی ، تہذیب و تمدن کی حفاظت کیلئے اپنی قومی ذمہداریوں کو ایمانداری سے سرانجام دینے میں مصرو ف عمل تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی این پی کے کارکنوں کے طویل ترین قربانیوں کے نتیجے میں آج بلوچستان میں پارٹی کی بڑھتی ہوئی پذیرائی میں اضافہ ہو رہا ہے ،یہاں کے عوام کی نظریں پارٹی کی اصولی ، سیاسی و نظریاتی جدوجہد پر مرکوز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا یہاں عوام کیساتھ رشتہ صرف الیکشن ، مراعات ، اقتدار کی خاطر نہیں ہے بلکہ ہم حقیقی معنوں میں یہاں کے عوام کو استحصالی پالیسیوں سے نجات دلانے اور قومی تشکیل کی جدوجہد کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے نیشنل ازم کی حقیقی سیاست کو عملی طور پر جامعہ پہنانے میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انہی ادوار میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل حبیب جالب بلوچ اور سمیت دیگر کو بھی شہید کیا گیا کیونکہ بااختیار قوتیں بی این پی کی جدوجہد اور پارٹی کی اصولی موقف سے خوفزدہ ، بوکھلاہٹ کا شکار اپنے استحصالی پالیسیوں کی راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے تھے اور وہ بی این پی کا راستہ روکنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی حقیقی معنوں میں شہداء کی قومی جماعت ہے اور ان کے ارمانوں کی تکمیل کو پورا کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں سردار اختر جان مینگل کی ناقابل شکست ، پرعزم قیادت ہی بلوچستان کو جاری بحرانی کیفیت سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور بلوچستان کے عوام کو احساس محرومی ، مایوسیوں اور پسماندگیوں سے نکالنے کا واحد ذریعہ ہے کیونکہ پارٹی قیادت نے عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑااور عوام سے سچی عملی وابستگی کا ثبوت دیاعوام ان قوتوں کو مسترد کر دیں جنہوں نے بلوچ و بلوچستانی عوام کو مشکل حالات میں جاری ناروا پالیسیوں ، ظلم و جبر ، ناانصافیوں کے سامنے تنہا چھوڑا اور مکمل طو ر پر خاموشی اختیار کئے رکھی ۔