چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا غالب مارکیٹ گلبرگ رمضان بازار کا دورہ ،چار کیخلاف مقدمات کا اندراج

پیر 28 مئی 2018 21:21

لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے غالب مارکیٹ گلبرگ رمضان بازار کا تفصیلی دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا، پھلوں کی معیار کے برعکس قیمتوں پر فروخت کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی موجودگی میں ریٹ لسٹ دوبارہ مرتب کرائی ،کم تولنے اور گراں فروشی پر چار دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران اور عملے کے ہمراہ غالب مارکیٹ گلبرگ رمضان بازار کے تمام سٹالز کا تفصیلی دورہ کر کے اشیاء کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت اور معیار کاجائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی آگاہی حاصل کی جنہوںنے پھلوں کے نرخوں کے حوالے سے شکایات کے علاوہ اپنی تجاویز بھی دیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ رمضان بازار میں بھی پھلوں کی معیار کے برعکس قیمتوں پر فروخت ثابت ہونے پر چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ اور دکانداروں کی سر زنش کرتے ہوئے اپنی موجودگی میں از سر نو ریٹ لسٹ مرتب کرائی۔ اس موقع پر برائلر گوشت کی دکانوں پر تول چیک کی گئی اور کم تولنے پر دو کانداروں کے خلاف ایف آئی آر جبکہ گراں فروشی پر بھی دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ۔

اس موقع پر کچھ سٹالز سے ناقص سبزیاں اور پھل بھی قبضے میں لے کر تلف کرا دئیے گئے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس کے لئے بلا تفریق کارروائیاںجاری ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کسی کو من مانے نرخوں پر فروخت کی اجازت نہیں دی جائیگی ، غیر معیاری اشیاء بیچنے والوں کا بھی محاسبہ ہوگا۔