وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی آف شور انڈس 6 (بلاک 2265-1) میں 25 فیصد شراکتی دلچسپی کی ’’ڈیڈ آف اسائنمنٹ‘‘ پر دستخط کی تقریب میں شرکت

پیر 28 مئی 2018 21:21

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی آف شور انڈس 6 (بلاک 2265-1) میں 25 فیصد شراکتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پیر کو آف شور انڈس 6 (بلاک 2265-1) میں 25 فیصد شراکتی دلچسپی کی ’’ڈیڈ آف اسائنمنٹ‘‘ پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ شراکتی انٹرسٹ کی منتقلی کو عملی شکل دینے کے حوالہ سے ڈائریکٹوریٹ جنرل پٹرولیم کنسیشن، وزارت توانائی۔پٹرولیم ڈویژن، جی ایچ پی ایل، ای این آئی پاکستان لمیٹڈ (8.34 فیصد) ایکسون موبائل ایکسپلوریشن اور پروڈکشن پاکستان بی وی، او جی ڈی سی ایل (8.33 فیصد) اور پی پی ایل (8.33 فیصد) کے مابین یہ ڈیڈ آف اسائنمنٹ طے پائی ہے۔

آف شور انڈس 6 (بلاک2265-1) کو آف شور پاکستان میں سے ایک اہم بلاک تصور کیا جاتا ہے۔ بلاک میں 2019ء کی پہلی سہ ماہی میں گہرے کنویں کی کھدائی متوقع ہے جس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

آف شور پاکستان میں ایکسپلوریشن کے حوالہ سے کامیابی ملنے سے ملک کا توانائی کا منظرنامہ تبدیل ہو جائے گا۔ اس اسائنمنٹ کی بہت زیادہ اہمیت ہے کیونکہ یہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ وابستگی کی حامل ای این آئی اور 33 سال بعد پاکستان واپس آنے والی ایکسون موبائل کے ساتھ پاکستان آف شور ایکسپلوریشن کے شعبہ میں بڑی آئل کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی غماز ہے۔

ای این آئی پاکستان لمیٹڈ (آپریٹر) جو توانائی کے شعبہ میں ممتاز کمپنی ای این آئی، ایس پی اے کا ذیلی ادارہ ہے، کی قیادت میں مشترکہ منصوبہ ہے۔ وزیراعظم آفس میں دستخط کی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن، اطالوی سفیر، امریکی ڈپٹی چیف آف مشن اور کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز بھی موجود تھے۔