وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پجگی تا ورسک روڈ لنک رنگ روڈ کا افتتاح کیا

رنگ روڈ 3.4 کلومیٹرپر محیط ہے اور اس کی تعمیر پر تقریباً 3 ارب روپے لاگت آئی ہے جس میں دو فلائی اوور، دو چھوٹے پل اور سروس روڈ شامل ہے اس منصوبے کو دو سال کی مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا

پیر 28 مئی 2018 21:28

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پجگی تا ورسک روڈ لنک رنگ روڈ کا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پجگی تا ورسک روڈ لنک رنگ روڈ کا افتتاح کیا مذکورہ رنگ روڈ 3.4 کلومیٹرپر محیط ہے اور اس کی تعمیر پر تقریباً 3 ارب روپے لاگت آئی ہے جس میں دو فلائی اوور، دو چھوٹے پل اور سروس روڈ شامل ہے اس منصوبے کو دو سال کی مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا جس سے پشاور شہر میں بہترین سفری سہولیات کا ایک اہم ذریعہ میسر آئے گا افتتاح کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ارباب وسیم حیات، پی ٹی آئی کے رہنما نور عالم خان، پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ حکام اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور شہر کی خوبصورتی اور عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے یہ شہر تیزتر ترقی کرے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت ملتے وقت پشاور شہر انتہائی بدحالی میں ہمیں ملا تھا جہاں پر تجاوزات تھے اور قبضہ مافیا کا راج تھا تا ہم ہماری کوشش رہی کہ اس شہر کو دنیا کے جدید شہروں کے برابر لایا جائے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے شہر پشاور میں پر آسائش اور آرام دو سفر کیلئے بی آر ٹی کا منصوبہ شروع کیا اور یہ پاکستان اور پوری دنیا میں تیز ترین تعمیراتی منصوبہ ہے جس کی مدت دیگر میٹرو منصوبوں سے کئی گناں کم ہے کیونکہ لاہور کا میٹرومنصوبہ 15 مہینوں اور پنڈی اسلام آباد کا ڈیڑھ سال میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے اور پشاوربی آر ٹی 8 مہینوں کی قلیل مدت میں مکمل ہو جائے گا جس میں 30 کلومیٹر مرکزی روٹ اور 50 کلومیٹر چارسدہ روڈ، ورسک روڈ اور کوہاٹ روڈ کے ساتھ لنک سڑکوں پر شامل ہے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں 250 بس سٹاف ہونگے اور شہر میں پرانی گاڑیوں کو ختم کر کے ہر طرف ائرکندیشنڈ بسیں چلے گی جس میں 80 بسیں مرکزی روٹ اور 200 لنک سڑکوں پر چلیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا کہ شہر پشاور میں پرانہ اڈہ چمکنی لے جانے کا منصوبہ بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے جبکہ وادی پشاور کیلئے سی پیک گریٹر ریل سسٹم بھی بنایا جائے گا جسکے ذریعے پشاور ، چارسدہ اور نوشہرہ تک ریل چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ منصوبے مکمل ہو جائیں گے تو شہر کی ترقی واضح طور پر نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہر میں سیروتفریح کیلئے ایک خوبصورت چڑیاگھر بھی تعمیر کیا جس سے آج روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ لطف اندوز ہوتے ہیں جبکہ شہر کی پرانی تاریخ اور عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے گورگھٹڑی میں ایک کلومیٹر تک طویل علاقے پر پرانی تاریخی عمارتوں کی تزین و آرائش کی ہے جو اس شہر کی پرانی تاریخ کی عکاسی کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ اس شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے پہلے کسی نے توجہ نہیں دی حالانکہ اس شہر کی ترقی کیلئے قائم ادارہ پی ڈی اے کے پاس بہت فنڈ تھے لیکن حیرانگی کی بات ہے کہ گذشتہ حکومتوں میں یہ فنڈ کدھر گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ڈی اے کے زریعے کئی بڑے منصوبے اس شہر میں شروع کئے ہیں اور گذشتہ 5 سالوں میں35 ارب روپے پی ڈی اے سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے حاصل بھی کیں ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دوبارہ برسراقتدار آئے گی اور اس شہر کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی کوششیں مزید جاری رکھے گی۔