آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدرکی وفاقی وزیر اُمور کشمیر چوہدری محمدبرجیس طاہر سے ملاقا ت

بھارت ایک منظم انداز میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے،چوہدری محمدبرجیس طاہر

پیر 28 مئی 2018 22:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے پیر کو یہاں وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر سے ملاقا ت کی۔ ملاقات میں خطہ کی مجموعی سیکیورٹی و سیاسی صورت حال بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی تشدد اور آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی پرُزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ایک منظم انداز میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبد یل کی جاسکے۔انہوںنے کہاکہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر اپنی اشتعال انگیز کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جو خطہ کی سلامتی کیلئے انتہائی خطرنا ک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر آج پاکستان جوہری طاقت نہ ہوتا تو بھارت پاکستان کے خلاف کب کی مہم جوئی کر چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا کریڈٹ نوازشریف کو جاتا ہے جنہوں نے آج سے 20 سال قبل جرات مندانہ فیصلے کے ذریعے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر کے عوام بھارت کی پرُ تشدد کاروائیوں اور بلااشتعال فائرنگ سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور کشمیر کے عوام بھارت سے اپنے حق خود ارادیت چھین کر رہیں گے۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے انہوںنے کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں آزادکشمیر کی سیاسی صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر میں جاری تعمیر و ترقی کے منصوبوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ نوازشریف آزادکشمیر سے بے حد لگائو رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوںنے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کے پی ایس ڈی پی پروگرام میں بھی آزادکشمیر کو اربوں روپے کے فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو آئینی اصلاحات کے تحت مزید اختیارات منتقل کئے جا رہے ہیں جس سے آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں آزادکشمیر حکومت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر حکومت آزادکشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترئے گی اور آزادکشمیر میں محمدنوازشریف کے وژن کو عملی جامہ پہنچانے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھے گی۔

انہوں نے راجہ فاروق حیدر نے آزادکشمیر کے لیے نیک خواہشات اور خدمات پر وفاقی وزیر اُمور کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بطور وفاقی وزیر اُمورکشمیر انہوںنے آزادکشمیر کو ترقیاتی فنڈز اور حقوق دلوانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی اور آزادکشمیر کے عوام ہمیشہ آپ کو اپنا محسن کے طور پر یاد رکھیں گے۔ انہوںنے وزیر اُمور کشمیر کوپانچ سال وزارت کے اُمور کو بخوبی سرانجام پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد بھی پیش کی۔