مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام وصال ام المومنین حضرت خدیجة الکبریؓ کانفرنس منعقد

پیر مئی 22:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام وصال ام المومنین حضرت خدیجة الکبریؓ کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت ممتاز سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجة الکبریؓ دنیا کی سب سے بڑی تاجر خاتون تھیں جن کے 70 ہزار مال سے لدے اونٹ ہر وقت عرب کی منڈیوں میں موجود ہوتے تھے انہوں نے اپنا تمام مال تبلیغ اسلام کے لئے آنحضورؐ کے قدموں پر نچھاور کر دیا۔

ممتاز شیعہ رہنما اور تحر یک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی سیکرٹیر ی اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجة الکبریؓ کا یوم منانا سنت رسول مقبولؐ ہے۔ جمیعت علماء پاکستان (نیازی گروپ) کے قائد علامہ ایاز ظہیر ہاشمی، علامہ عظمت اللہ سلطان، زہرا مہدی، سیّد رضا کاظمی، بابو مشتاق حسین، ڈاکٹر صوفیہ خان، ماجدہ باقر، شیخ مظہر علی، ولایت بلتی اور اخلاق زیدی نے حضرت خدیجة الکبریؓ کی خدمت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

زہرا مہدی نے قرارداد پیش کی جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اپیل کی گئی کہ محسن اسلام حضرت خدیجة الکبریؓ کی ذا ت پاک اور قربانیوں کو نئی نسل تک روشناس کرانے کیلئے یونیورسٹی سے پرائمری سطح تک شامل نصاب کیا جائے۔ ولایت بلتی نے قرار داد میں کہا کہ حکومت 31مئی کو ولادت حضرت امام حسنؓ اور 4 تا 6جون شہادت حضرت علیؓ کے پروگرام سرکاری سطح پر منعقد کرے۔