سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی سربراہی میں چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نعیم بٹ کی پیسکو چیف ڈاکٹر محمد امجد سے ملاقات

ڈاکٹر محمد امجد کا انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آبادپشاور میں جاری 10 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان

پیر مئی 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) پیسکوکے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد امجد نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری کے ساتھ ملاقات کے بعد انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آبادپشاور میں جاری 10 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا اور سرحد چیمبر کے صدر کویقین دلایاہے کہ حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی جبکہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی سربراہی میں چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نعیم بٹ نے پیر کے روز پیسکو چیف ڈاکٹر محمد امجد سے پیسکو ہائوس میں ملاقات کی ۔ سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے پیسکو چیف ڈاکٹر محمد امجد کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

زاہداللہ شنواری نے بتایا کہ 10/10 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے جہاں صنعتوں میں پیداواری عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے وہاں مزدور بھی ایک شفٹ ختم ہونے سے بے روزگار ہو رہے ہیں۔

زاہداللہ شنواری نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں صنعتیں پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہیں اُس پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ صنعتوں کی بندش کا باعث بن رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد پشاور سمیت صوبہ کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ صنعتوں کو پہلے ہی بجلی کے لوڈ میں کمی کا سامنا ہے اُس پر لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے ۔

پیسکو چیف ڈاکٹر محمد امجد نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کے تحفظات سے اتفاق کیا اور اُن کی سفارشات کی روشنی میں فوری طور پر انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد پشاور میں جاری 10گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا اور متعلقہ افسران کو بلا کر موقع پر احکامات بھی جاری کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں بھی انڈسٹریل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیاگیا ہے جبکہ گدون امازئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کو یقین دلایا کہ پیسکو بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن ریلیف دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کر ے گی۔