کے پی فوڈ اتھارٹی کا رمضان کریک ڈائون جاری، دو فیکٹریاں سربمہر، تین ہزار لیٹر جعلی کولڈڈرنکس اور پانچ سو کلو مٹھائی تلف

پیر 28 مئی 2018 19:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈحلال فوڈاتھارٹی نے رمضان کریک ڈان کے دوران رات ایک بجے جعلسازوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے دو فیکٹریوں کو تالے لگادیئے ۔ کے پی فوڈ اتھارٹی کے ترجمان عطااللہ خان کے مطابق اتھارٹی کو کمپلینٹ سیل کے ذریعے خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ پبی کے علاقے میں جعلی کولڈڈرنکس کمپنی فعال ہے جو کہ ہر طرح کے برانڈز تیار کرہی ہے۔

اس اطلاع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد علی اور اسکی ٹیم نے رات ایک بجے کارروائی کارتے ہوئے کمپنی ملازمین کو دیگر غیر رجسٹرڈ اور جعلی برانڈز تیار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھرلیا۔ ترجمان کے مطابق فیکٹری کے پی فوڈ سیفٹی ایکٹ کے دفعہ 26 اور 25 کے تحت سیل کیا گیا جوکہ مس برانڈنگ اور مس لیبلنگ کے زمرہ میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیکٹری سے تین ہزار لیٹر سے زائد جعلی مشروبات بھی قبضے میں لیکر تلف کی گئیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم نے اسی علاقے میں واقع ببل گم فیکٹری پر بھی چھاپہ مارا جہاں صفائی کی ابتر صورتحال اور حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ورزی پر فیکٹری کو تالہ لگادیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں برف خانے کوصفائی سے متعلق دی گئی ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے پر سربمہر کیا گیا۔ اسی طرح سوات کے شہر منگورہ میں بھی کریک ڈان کے دوران پانچ کلو سے زائد مٹھائی اور سیرپ کو تلف کیا گیا جبکہ مردان میں کاروائی کے دوران دوکانداروں اور اشیائے خوردونوش سے وابستہ افراد کو وارننگ نوٹسز جارے کئے گئے اور صفائی کے خاطرخواہ انتظامات کرنے کی تلقین دی گئی۔