کراچی: اینٹی کار لفٹنگ پولیس کی بڑی کارروائی

سہراب گوٹھ سے افغان گروہ کے چار کارندے گرفتار ،ملزمان کا سات رکنی گروہ شہر کے پوش علاقوں میں نئی گاڑیوں میں سے سامان چوری کرتا تھا

پیر 28 مئی 2018 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) کراچی میں اینٹی کار لفٹنگ پولیس کی بڑی کارروائی سہراب گوٹھ سے افغان گروہ کے چار کارندے گرفتار کرلیے ہیں،ملزمان کا سات رکنی گروہ شہر کے پوش علاقوں میں نئی گاڑیوں میں سے سامان چوری کرتا تھا، چار سال سے ملزمان نے شہریوں کی ناک میں دم کر رکھا تھا۔شہر کراچی میں ایک بار پھر افغانستان سے آنے والے جرائم پیشہ عناصر متحرک ہو گئے ہیں ، ایس ایس پی اے سی ایل سی اسد رضا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سہراب گوٹھ سے انتہائی مطلوب گروہ کے چار کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈیفنس میں 21 مئی کی رات 10 منٹ میں 6 کاروں کا سامان چوری کیا گیا ۔ایس ایس پی اسد رضا کے مطابق شہر قائد میں مصری خان اور غنی گئی نامی ملزمان نیٹ ورک چلا رہے ہیں، گرفتار ملزمان نے چار برسوں کے دوران2000سے زائد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے،لوٹا گیا لاکھوں روپے مالیت کا سامان ہزاروں میں فروخت کر دیا جاتا تھا ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی اسد رضا کے مطابق ساوتھ زون میں 4 ماہ کے دوران 54 مقدمات درج ہوئے،افغان ملزمان نے 4 سال کے دوران 2400 وارداتیں کی،ملزمان گاڑیوں کے قیمتی پینل اور نیوی گیشن سسٹم چوری کرتے تھے، پینل میں موجود قیمتی سامان لاکھوں روپے میں فروخت ہوتا تھا،افغان نیشنل ملزمان چار سال سے کراچی میں وارداتیں کر رہے تھے، ملزمان میں عبداللہ خان عرف موٹا، فضل محمد عرف خیبر، طور خان اور زوہیب شامل ہیں