سیاسی پارٹیوں کی جانب سے اپنے منشور میں عوام کو سبز باغ دکھانے اور بار بار جھوٹ بولنے سے قوم کا سیاستدانوں وسیاسی پارٹیوں سے مایوسی اور اعتماد اٹھتا جارہا ہے، جماعت اسلامی سندھ

پیر مئی 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے اپنے منشور میں عوام کو سبز باغ دکھانے اور بار بار جھوٹ بولنے سے قوم کا سیاستدانوں وسیاسی پارٹیوں سے مایوسی اور اعتماد اٹھتا جارہا ہے، کلینڈر کی تاریخوں کی تبدیلی کی طرح حکومتیں تو تبدیل ہوجاتیں ہیں مگر عوام کی قسمت میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔

موجود حکومت نے انتخابی منشور میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کے ساتھ ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کا وعدہ کیا مگر پانچ سال گذرگئے بجلی سمیت ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوسکا۔۔بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور بلنگ نے عوام کو ذھنی مریض بنادیا ہے،عوام کی کوئی داد فریاد سننے والا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ شریف برادران 3مرتبہ وزیراعظم اور پانچ مرتبہ وزیراعلیٰ رہنے کے باوجود اب بھی یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ انہیں اب موقع ملا تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے یہ کس کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

جب تک ملک میں کرپٹ قیادت کا بلاتفریق احتساب اور صادق وامین قیادت کو منتخب نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔عوام آئندہ انتخابات میں دھوکہ باز ،کرپٹ اور ملک دشمن عناصر کا ووٹ کی پرچی کے ذریعے احتساب کریں۔ان شاء اللہ کراچی سمیت ملک بھر میں آزاد وشفاف انتخابات ہوئے تو عوام صادق وامین نمائندوں کو منتخب کریں گی