احد چیمہ کیخلاف کیس میں اہم پیشرفت ،نیب نے چھپائی گئی بھاری رقم برآمد کر لی

معروف کار ڈیلر کے شو روم پر چھاپہ مار کر ملزم احد چیمہ کی جانب سے چھپائے گئے ایک کروڑ 45 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے جیل روڈ پر واقع شوروم سے احد چیمہ کی ملکیتی گاڑی بھی برآمد ہوئی جس کی مالیت ایک کروڑ 10لاکھ روپے کے قریب ہے‘میڈیا رپورٹس

پیر 28 مئی 2018 22:40

احد چیمہ کیخلاف کیس میں اہم پیشرفت ،نیب نے چھپائی گئی بھاری رقم برآمد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ کے خلاف کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور نیب نے ملزم کی جانب سے چھپائی گئی بھاری رقم برآمد کر لی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب افسران نے لاہور کے معروف کار ڈیلر کے شو روم پر چھاپہ مار کر ملزم احد چیمہ کی جانب سے چھپائے گئے ایک کروڑ 45 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جیل روڈ پر واقع شوروم سے احد چیمہ کی ملکیتی گاڑی بھی برآمد ہوئی جس کی مالیت ایک کروڑ 10لاکھ روپے کے قریب ہے۔خیال رہے کہ نیب نے رواں برس فروری میں کارروائی کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سوسائٹی کی 32کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

نیب نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 2015ء میں ایل ڈی اے کو آشیانہ اقبال پروجیکٹ کا ٹھیکا دیا تھا۔اعلامیے کے مطابق احد چیمہ نے بطورڈی جی ایل ڈی اے ٹھیکا دینے میں اختیارات کا غلط استعمال کیا، احد چیمہ نے 14 ارب روپے کا آشیانہ اقبال پروجیکٹ کا ٹھیکا ایک کمپنی کو دیا، جس کمپنی کو ٹھیکا دیا گیا وہ اس کی اہل نہیں تھی، ٹھیکا پی پی پی ایکٹ 2014 میں خلاف ورزی کر کے دیا گیا۔احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نیب کی کارروائی کو غیر مناسب قرار دیا تھا۔