لاہور ہائیکورٹ کا عابد باکسر کے تحفظ کے لیے دائر درخواست پر ایف آئی اے کو عابد باکسر کی یو اے ای میں موجودگی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم

پیر 28 مئی 2018 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے عابد باکسر کے تحفظ کے لیے دائر درخواست پر ایف آئی اے کو عابد باکسر کی یو اے ای میں موجودگی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق نے کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پرڈائریکٹر انٹرپول ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ عابد باکسر پاکستان میں موجود نہیں ہے ، عابد باکسر کو کوئی بھی ایجنسی پاکستان لیکر نہیں آئی، عابد باکسر کے سسر جعفر رفیع نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عابد باکسر کو دبئی پولیس نے انٹر پول کی مدد سے گرفتار کیا، انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے عابد باکسر کے حوالے سے خطرہ ہے کہیں اس کو پولیس مقابلہ میں نہ مار دیا جائے، عابد باکسر کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں طلب کرے، آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت عابد باکسر کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے اور عدالت پولیس کو عابد باکسر کو پولیس مقابلہ میں مارنے سے روکنے کا حکم دے،عدالت عابد باکسر کو زندہ سلامت پیش کرنے کا حکم دے،عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پرعابد باکسر کی یو اے ای میں موجودگی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔