ْلاہور، الیکشن میں سیاست کے فرعونوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

نظام مصطفے کا منشور عوامی مقبولیت حاصل کرے گا، قوم ووٹ کی طاقت سے انقلاب نظام مصطفے برپا کرے گی، متحدہ مجلس عمل نے الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، سیکریٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان

پیر مئی 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ الیکشن میں سیاست کے فرعونوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ نظام مصطفے کا منشور عوامی مقبولیت حاصل کرے گا۔ قوم ووٹ کی طاقت سے انقلاب نظام مصطفے برپا کرے گی۔ متحدہ مجلس عمل نے الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ایم ایم اے کے امیدواروں پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ ہر الیکشن سے پہلے سیاسی وفاداریاں بدلنے کی روش ختم ہونی چایئے۔ مضبوط امیدوار کنگ پارٹی میں شامل کروائے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی پرانے کارکنوں کو نظرانداز کر کے نئے شامل ہونے والے لوٹوں کو ٹکٹ دے کر بے اصولی کی سیاست کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے الیکشن سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ عوامی قیادتوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کے نتائج ملک کے لئے تباہ کن ہوتے ہیں۔ احتساب کو سیاسی ہتھیار نہ بنایا جائے۔ عوام پی پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ 4 جون کو ایم ایم اے کا عوامی امنگوں کا آئینہ دار منشور پیش کیا جائے گا۔ عید کے بعد انتخابی مہم تیز کی جائے گی۔ ایم ایم اے کو ملک بھر کے تمام دینی طبقات کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ دیانتدار اور باصلاحیت امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ قوم 25 جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر انقلاب نظام مصطفے کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالے گی۔ نظام مصطفے کے نفاذ سے ملک و قوم کے مسائل حل ہوں گے اور قیام پاکستان کے مقاصد پورے ہوں گے۔