Live Updates

کراچی، ہم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کو پاکستان کے نگراں وزیر اعظم بنائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،فردوس شمیم نقوی

پاکستان تحریک انصاف بھی اس فیصلے میں شریک رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ نگراں وزیرا عظم کے طور پر اس بار جس شخص کا انتخاب کیا گیا ہے،صدر پاکستان تحریک انصاف کراچی

پیر 28 مئی 2018 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ہم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کو پاکستان کے نگراں وزیر اعظم بنائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف بھی اس فیصلے میں شریک رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ نگراں وزیرا عظم کے طور پر اس بار جس شخص کا انتخاب کیا گیا ہے، وہ ہر لحاظ سے ایک غیر متنازعہ اور قابل احترام انسا ن ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی رائے پہلے ہی دن سے یہی تھی کہ تمام سیاسی پارٹیاں نگراں وزیرا عظم کے نام پر اتفاق کریں اورنگراں وزیراعظم اسے بنایا جائے جس کے فیصلوں پر کوئی اعتراض نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم محض نام کا عہدہ نہیں ہے بلکہ ایک اہم ذمہ داری کا نام ہے۔

ایک حکومت اپنی مدت ختم ہونے پر پورے ملک کی ذمہ داری انہیں تفویض کرکے سبکدوش ہوگی اور دوسری حکومت ان کی نگرانی میں بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک بلا شبہ صاف و شفاف انتخابات کروانے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔ ان کا ماضی بدعنوانی سے داغدار نہیں اور وہ ایک اعلیٰ کردار کے مالک ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف جناب جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کو پاکستان کا نگران وزیرا عظم بنائے جانے پر تہ دل سے مبارکباد پیش کرتی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت میں رہ کر جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک تاریخ ساز حکمرانی کی شاندار مثال قائم کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات