رمضان المبارک،ضلعی انتظامیہ کا سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر گرینڈ کریک ڈائون،پشاور بھرسے 88 گرانفروش گرفتار

پیر 28 مئی 2018 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر بھرپور کاروائی کر تے ہوئے 88گرانفروشوں کو گرفتار کر لیا۔ڈپٹی کمشنر پشاورڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثنا ء اللہ نے بورڈ بازار میں کاروائی کر تے ہوئے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر 15گرانفروشو ںکو گرفتار کیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹائون ون اصلا ح الدین اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہمایون خان نے گلبہار، نشترآباد، ہشتنگری اور باچا خان چوک میں سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر 23 گرانفروشوں کو گرفتار کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پی ڈی اے سارہ تواب عمر نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں میں کاروائی کر تے ہوئے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر 14 گرانفروشوں کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹائون ٹو عرفان علی نے جی ٹی روڈ، چارسدہ روڈ اور دلہ زاک روڈ سے , 12 ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹائون فور سعید اللہ جان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نعمت اللہ کنڈی نے اُرمڑ ، پھندو روڈ اور بدھ بیر سے 13 ، جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرٹائون تھری عنایت اللہ خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فضل الرحیم نے ورسک روڈ، یونیورسٹی روڈ اور تہکال سے 11 گرانفروشوں کو گرفتار کیا۔

ان گرفتار گرانفروشوں میں قصائی ، سبزی و پھل فروش، مرغی فروش، جنرل سٹور مالکان ، دودھ فروش اور دیگر شامل ہیں۔ آج عوام نے رمضان سہولت مراکز میں بھی گرانفروشوں کے خلاف شکایات درج کیں جن پر موقع پر کاروائی کی گئی۔ آج ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 پر درجنوں شکایات پر متعلقہ علاقہ مجسٹریٹس نے کاروائیاں کیں۔ ڈپٹی کمشنرپشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کو گرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے۔

جبکہ انھوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خریداری کے وقت دکانداروں کو سرکاری نرخ نامہ کے مطابق ادائیگی کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 یا قریبی رمضان سہولت مرکز پر شکایت درج کریں۔ آپ کی شکایت پر کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔