فیملی عدالت نے اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح کا دعوٰی جھوٹا قرار دے کر مسترد کر دیا

پیر 28 مئی 2018 23:00

فیملی عدالت نے اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح کا دعوٰی جھوٹا قرار دے کر ..
لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) لاہور کی فیملی عدالت نے معروف اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح کا دعوٰی جھوٹا قرار دے کر مسترد کر دیا اور نکاح خلع کی بنیاد پر منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ لاہور کی فیملی عدالت کے جج بابر ندیم نے سوموار کو اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے فیصلے میں میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا۔

عدالت نے فیصلے میںکہا ہے کہ اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح کا دعوٰی جھوٹ پر مبنی ہے،نکاح نامہ قانون کے عین مطابق جاری ہوا ہے،ڈیفنس میں واقع گھر دونوں کے درمیان وجہ تنازعہ بنا جس پر دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوج داری مقدمات قائم کیے جو دس سالوں سے عدالتوں میں زیر التواء ہیں،عدالت سمجھتی ہے کہ موجودہ حالات میں دونوں کا بطور میاں بیوی اللہ کی قائم حدود کے مطابق زندگی نہیں گزار سکتے،لہذا بہتر ہو گا کہ مدعیہ کو نکاح کے بندھن سے آزاد کر دیاجائے،جہاں عدالت مدعیہ کے تکزیب نکاح کا دعوٰی خارج کرتی ہے وہیں ان کے درمیان نکاح کو خلع کی بنیاد پر منسوخ کرتی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ادکارہ میرا نے جولائی 2009ء میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔اداکارہ میرا کے وکیل کا ابتدا ء سے موقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لیے میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور ان کے پاس نکاح ثابت کرنے کے لیے کوئی اصلی دستاویزات بھی موجود نہیں۔ فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے اور کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے 18صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں اداکارہ میرا کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمان سے ان کے نکاح کو حقائق پر مبنی قرار دے دیا۔