ضلع کچہری میں فائرنگ سے ملزم اسلم عرف اچھا جاں بحق

پیر 28 مئی 2018 23:10

لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) لاہور کی ضلع کچہری میں سرعام فائرنگ کے نتیجے میں ناجائز اسلحہ اور فائرنگ کے کیس میں پیشی بھگتنے کے لئے آنے والا ملزم اسلم عرف اچھا موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سوموار کو ضلع کچہری میں ناجائز اسلحہ کے الزام میں گرفتار ملزم اسلم عرف اچھا اور اس کا ساتھی پیشی بھگت کرجوڈیشل مجسٹریٹ عاطف خان کی عدالت سے باہر نکلا ہی تھا کہ دھاک میں بیٹھے مخالفین نے ملزم پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں ملزم اسلم عرف اچھا موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی معجزانہ طور پر محفوظ رہا، فائرنگ کی آوز سنتے ہی عدالتی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور ملزم کو گرفتار کر لیا،فائرنگ سے عدالتی احاطے میں بھگدڑ مچ گئی، پیشی پر آئے ملزمان، وکلاء اور سائلین نے چھپ کر اپنی جان بچائی،، واقعہ کے بعد فرانزک ٹیموں نے موقع سے خون کے نمونے حاصل کئے جبکہ تفتیشی ٹیموں نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے،ضلع کچہری میں فائرنگ سے عدالتوں کی ناقص سکیورٹی کا پول کھل گیا ہے،ضلع کچہری میں اسلحہ کیسے پہنچا، عدالتی اور پولیس عملے کی کارکردگی پر پھر سوالیہ نشان لگ گیا، ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کو ضلع کچہری میں اسلحہ پہنچانے کے لئے مدد بھی فراہم کی گئی۔