ایشین گیمزکی تیاری کیلئے فٹ بال کیمپ میں سرگرمیاں عروج پر،صدر پی ایف ایف کاتیاریوں پر اطمینان کا اظہار

پیر 28 مئی 2018 23:10

ایشین گیمزکی تیاری کیلئے فٹ بال کیمپ میں سرگرمیاں عروج پر،صدر پی ایف ..
لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) ایشین گیمزکی تیاری کیلئے فٹبال کیمپ میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں،برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا کھلاڑیوں کی مہارت بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی توجہ فٹنس کو عالمی معیار پر لانے پر مرکوز ہے، صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز فٹبال کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ 25 مئی سے لاہور میں شروع ہوا تھا،اس کی سرگرمیاں اب عروج پر پہنچ گئی ہیں، برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا اور ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کیساتھ مقامی سٹاف بھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف ہیں۔ چیلنج کپ میں کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ میں مدعو کئے جانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے تجربے اور نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ دونوں چیزوں کو پیش نظر رکھا گیا ہے، منتخب کھلاڑیون میں غضنفریاسین، مہدی حسن، محمد سہیل، صفیان آصف، محمد سہیل خان، منصور خان، فیصل (پاکستان ایئرفورس)، مزمل حسین، عبدالباسط، سعادت حسین، عمر حیات، محسن علی، محمد بلال، علی عزیر، عدیل علی، احمد فہیم، شہرام بابر، محمد احمد(واپڈا)،ارسلان علی، محمد شاہد، عمیر علی، رجب علی، عبدالقدیر خان، یوسف، محمد عادل، دانش حمید(خان ریسرچ لیبارٹری)، احسان اللہ، ثاقب حنیف، تنویر ممتاز، محمود خان، صدام حسین، سعداللہ، عبدالرزاق، حبیب الرحمن، وقار بلوچ، امجد حسین( سوئی سدرن گیس)، استقلال (پاکستان پیٹرولیم)، شہباز یونس (آرمی )، مبشر(سٹیٹ لائف)، علی خان، وسیم، زین، زید عمر ، نعمان(پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی)، عثمان خان، فیصل اقبال، ثنائاللہ، مقبول، منیر جونیئر، شیر علی(نیشنل بینک)، ریاض احمد، محمد رسول، مرتضی حسین، وسیم شہزاد(کے الیکٹرک)، محمد عثمان محکم، شاہ زیب مسعود (پاکستان ایئرلائن)، نوید احمد (نیوی) اور باسط امین(سوئی ناردرن گیس) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کیمپ میں کوچ جوز انتونیو ناگورا کھلاڑیوں کی مہارت بہتر بنانے کیلیے سرگرم ہیں، دوسری جانب ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی توجہ فٹنس کو عالمی معیار پر لانے پر مرکوز ہے، رمضان المبارک کی وجہ سیماڈل ٹائون بی بلاک گرائونڈ میں ٹریننگ رات کو شیڈول کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایشین گیمز انڈونیشیا میں 18اگست سے 2ستمبر تک ہونگی، پاکستان فٹبال ٹیم کو بنگلہ دیش میں 4ستمبر کو ہونے والی ساف گیمز میں بھی شرکت کرنا ہے۔

پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کوبہترین کوچنگ اور سہولیات فراہم کررہے ہیں، فیڈریشن ٹیم کی فٹنس کو عالمی معیار پر لانے کیلئے بھی کوشاں ہے، برازیلی ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کو سپر فٹ بنانے میں کامیاب ہونگے، اس محنت کا مثبت نتیجہ بھی سامنے آئے گا۔