پنجاب بھر کے سکولو ں میں پہلی سے پانچویں کلاس تک ناظرہ، چھٹی سے بارہویں تک عربی زبان کا ترجمہ پڑھایا جائیگا ،رانا مشہود خاں

پیر 28 مئی 2018 23:16

لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) صوبائی وزیرسکول ایجوکیشن رانا مشہو د خاں نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے اسکولو ں میں پہلی کلاس سے پانچویں تک ناظرہ جبکہ چھٹی کلاس سے بارہویں کلاس تک قرآن پاک کا ترجمہ پڑھایا جائیگا، اس حوالے سے باقاعدہ طور پر بل پاس ہو چکا ہے اور اب اس کو صوبہ بھر میں نافذالعمل کیا جانا باقی ہے، پنجاب حکومت کی کوشش ہوگی کہ بچوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے اور اس کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو ملکر مثبت حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے قرآن پاک کے حوالے سے ناظرہ اور ترجمہ کو لازمی بنانے کیلئے چلڈرن کمپلیکس لائبریری کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈی سی لاہور سید سمیر، ایم ڈی پی سی ٹی بی عبدالقیوم،ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشنل ریفارمز،نمائندگان اوقاف،لاء ،ہوم،دانش سکولز،پیما اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ فوری طور پر ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشنل ریفارمز کی نگرانی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے،جس میںسکول ایجوکیشن اورلاء ڈیپارٹمنٹ کو شامل کرکے ایک واضح پالیسی مرتب کیجائے تاکہ اسے منظوری کیلئے آگے بھیجا جاسکے۔انہوں نے ایم ڈی پی سی ٹی بی عبدالقیوم کو کمیٹی کا فوکل پرسن نامزد کیا جبکہ ایم ڈی عبدالقیوم نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ فیڈرل گورنمنٹ کی جانب سے ایسا ایک ماڈل بہاولپور میں جاری ہے اور اس کو دیکھتے ہوئے صوبہ بھر میںاس پالیسی کو نافذ العمل کرنے میں مدد مل سکے گی۔

صوبائی وزیر رانا مشہود نے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ ایک اسپیشل کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے ،جس میں جید علمائے کرام اور اوقاف ڈیپارٹمنٹ ملکر ایک واضح پالیسی مرتب کرے کہ صوبہ بھر کے سکولوں میں کونسا ترجمہ پڑھایا جا سکے۔