عدالت نے شہری کے مکان پر قبضہ کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا

پیر 28 مئی 2018 23:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) سینئر سول جج رسول بخش نے شہری کے مکان پر دھاوا بول کر قبضہ کرنے،اسلحہ کے زور پر سنگین نتائج سمیت جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔پیر کو تھانہ کھنہ پولیس نے ملزم ماجد کو پیش کر کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے قبضہ سے آتشی اسلحہ برآمد کرانا باقی ہے لہذا ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے جس پر عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ کھنہ پولیس نے قبضہ مافیا کے سرغنہ اور کھنہ اسلام آباد کے وائس چیئرمین راجہ امجد اور اسکے بھائی راجہ آصف سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے رات گئے چھاپہ مارا تاہم راجہ امجد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر ملزمان سمیت فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وفاقی پولیس کے سینئر آفیسر نے بتایا کہ ملزم چاہے کسی بھی پارٹی کا ہو ملزم سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

واضع رہے کہ کھنہ پولیس نے شہری اعجاز ارشد چیمہ کی درخواست پر وائس چیرمین راجہ امجد اور اسکے بھائی راجہ آصف ،ملزم ماجد ،نسیم اور اسکے بیٹے وسیم کے خلاف مکان میں ذبردستی گھس کر قبضہ کرنے ، اسلحہ کے زور پرسنگین نتائج سمیت جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :