ملک بھر میںیوم تکبیر کا بھر پور طریقے سے انعقاد ،وطن عزیز کے استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں

پیر 28 مئی 2018 23:23

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) پیر کے روز فیصل آبادڈویژن سمیت ملک بھر میں 20 واںیوم تکبیر بھر پور طریقے سے منا یا گیا۔ اس موقع پر یوم تکبیر کی 20ویں سالگرہ کے سلسلہ میں فیصل آباد ڈویژن اور صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے تمام ڈویژنل ، ضلعی، تحصیل، سٹی ہیڈکوارٹرز پرمختلف سیاسی ، دینی ،مذہبی ،عوامی جماعتوں کی جانب سے جلسے، جلوس، سیمینارز منعقد کئے گئے جن میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے 28 مئی 1998ء کو بھارت کی جانب سے کئے گئے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں عالم اقوام اور یہود و ہنود کا ہر قسم کا دباؤ بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں چاغی کے مقام پر یکے بعد دیگرے 7 ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو امت مسلمہ کی پہلی اور عالم اقوام کی ساتویں ایٹمی قوت بنا دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام بھی پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی 20 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں دعائیہ تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔پیر کی مبار ک صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی کے علاوہ پاکستان کی سلامتی و استحکام ، آئین کی سربلندی، قانون کی بالادستی،قومی فلاح، عوامی خوشحالی، دہشت گردی، بیروزگاری، غربت، افراتفری کے خاتمہ کی خصوصی دعا ئوں سے کیا گیا ۔

اس موقع پر خصوصی تقریبات میں محسنان ملک و ملت کے کارناموں سے بھی قوم کو آگاہ کیا گیا جنہوں نے امریکہ، برطانیہ، روس، چین، فرانس، بھارت کے بعدپاکستان کو عالم اقوام کی ساتویں اور امت مسلمہ کی پہلی ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے نقشے پر نمودار کیا جس کی جانب کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرسکتا ہے۔ اس موقع پر فیصل آباد سٹی میں بھی کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔