فیصل آباد،مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ کے زیراہتمام یوم تکبیر کے سلسلہ میں پروقار تقریب کاانعقاد

پیر مئی 23:23

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ فیصل آباد کے زیراہتمام اتوار کو یوم تکبیر کے سلسلہ میں پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا جس کی صدارت ممبر صوبائی اسمبلی مدیحہ رانا نے کی جبکہ اس موقع پر بڑی تعداد میں وومن ونگ کی عہدیداران ، ممبران اور سول سوسائٹی کی خواتین بھی موجود تھیں۔ سالگرہ کی تقریب کے پروگرام سے خطاب کے دوران مدیحہ رانا ایم پی اے سمیت دیگر مقررین نے کہاکہ وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر پوری قوم سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی شکر گزار ہے۔

انہوںنے کہاکہ محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے بدلے میں امریکی ڈالروں کی بارش کو ٹھوکر مار دی اور وطن عزیز کو ایٹمی قوت بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ 28مئی وہ تاریخ ساز دن ہے جب قوم کے محبوب قائد محمد نواز شریف نے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کے پانچ دھماکوں کے خلاف سات دھماکوں کا جواب دیکراپنی برتری کا ثبوت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ دن صرف پاکستان ہی کیلئے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے انتہائی فخر واعزازاورشادمانی کادن ہے کیونکہ اس دن پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ، ایشیا کاتیسرا اور اقوام عالم کا ساتواںایٹمی ملک بن کر دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ الحمد للہ آج پاکستان ایٹمی ملک ہے اور اس ایٹمی صلاحیت کی وجہ سے ہم بھارت کی جارحیت سے محفوظ ہیں۔ انہوںنے یومِ تکبیرکو پاکستان کی تاریخ کا زریں باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی صلاحیت ہمارے لیے تحفظ کی چھتری ہے جس کی وجہ سے دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔