ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب استعمال کی ہدائت

پیر 28 مئی 2018 23:23

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدائت کی ہے ۔ایک ملاقات کے دورا ن انہوںنے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشاوہ پھلوں کی صحت ، نشو ونما ،پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔انہوںنے بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میںنائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔انہوںنے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے ، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔