کاشتکار وں کوموسم گرما کی شدت کے باعث کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایت

پیر 28 مئی 2018 23:23

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) ماہرین زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ سے متاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کے بعد زمین میں دفن کر دیا جائے تاکہ کپاس کے دیگر صحت مند پودے اس بیماری کی زد میں آنے سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ امسال موسم گرما کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے کپاس کی فصل پر سفید مکھی کا حملہ زیادہ دیکھنے میں آرہا ہے جو فصل پر حملہ آور ہو کر وائرس پھیلا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زرعی ماہرین کی مشاورت سے محکمہ زراعت کاعملہ کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ پودوں کو تلف بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت نے خصوصی سیل قائم کئے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر پیسٹ سکاؤٹنگ رپورٹ اکٹھی کر کے اس کے مطابق حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف پر بھی زور دیا کہ کپاس کے کیڑے مکوڑوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کسانوں کی بروقت رہنمائی کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :