کراچی،عید الفطر کے موقع پرمسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپوٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

پیر 28 مئی 2018 23:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو عید سے ایک ہفتہ قبل مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ اس سلسلے میں محکمہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر میں تین ہفتے رہ گئے ہیں اور لوگ اپنے والدین اور عزیزو اقارب کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے کیلئے مختلف شہروں کا سفر کرتے ہیں لیکن اس دوران ٹرانسپورٹرز کرایوں میں غیر قانونی اضافہ کرتے ہیں جوکہ مسافروں کے لئے پریشانی کا باعث ہوتا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور ٹرانسپورٹرز کو کرایوں میں غیر قانونی اضافے سے روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے، اس سلسلے میں محکمہ نے متعلقہ حکام کو نگران کمیٹیاں تشکیل دینے اور ان کمیٹیوں کو عید سے ایک ہفتہ قبل فعال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں تاکہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

نگران کمیٹیوں کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :