حیدرآباد، شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،عبدالقیوم شیخ

وفاقی حکومت پانچ سال سے بجلی کے بحران کو حل کرنے کے دعوے کررہی تھی اور اب جبکہ اس کی مدت ختم ہورہی ہے بجلی کا بحران جوں کا توں ہے،سابق رُکن سندھ اسمبلی

پیر 28 مئی 2018 23:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) سابق رُکن سندھ اسمبلی عبدالقیوم شیخ نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں حیدرآباد میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت پانچ سال سے بجلی کے بحران کو حل کرنے کے دعوے کررہی تھی اور اب جبکہ اس کی مدت ختم ہورہی ہے بجلی کا بحران جوں کا توں ہے۔

(جاری ہے)

بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ملک کی صنعتیں اور تجارت مفلوج ہوکر رہ گئے۔ رمضان کے اس مقدس مہینے میں بجلی کی طویل بندش نے حیدرآباد کے کاروباری حلقے کو بھی اذیت میں مبتلا کیا ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ نہ تو حکومت عوام کو سستی بجلی دے پارہی ہے اور نہ ہی شمسی توانائی کے ذریعے صارفین کو بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کا بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے عوام کیلئے بجلی کے متبادل ذرائع پیدا کئے جائیں۔