پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی سابق آئی ایس آئی چیف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

وزارت داخلہ کی جانب سے سابق آئی ایس آئی سربراہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، اسد درانی کی متنازعہ کتاب پر پیر کے روز جی ایچ کیو میں طلبی ہوئی، پاک فوج نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دینے کے بعد سابق آئی ایس آئی چیف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کی تھی

muhammad ali محمد علی پیر 28 مئی 2018 21:31

پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی سابق آئی ایس آئی چیف کا نام ای سی ایل میں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) سابق آئی ایس آئی سربراہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے، جبکہ اسد درانی کی متنازعہ کتاب پر پیر کے روز جی ایچ کیو میں طلبی ہوئی، پاک فوج نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دینے کے بعد سابق آئی ایس آئی چیف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پاک فوج نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کی جانب سے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر متنازعہ کتاب لکھنے کے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے مجاز اتھارٹی سے رابطہ کیا۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ کے ساتھ مل کر ‘دی سپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس‘ نامی ایک کتاب لکھی جس پر پاک فوج نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی 28 مئی کو جی ایچ کیو میں پیش ہو کر معاملے پر وضاحت کریں ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی پیر کو جی ایچ کیو میں پیش ہوئے جس پر ان سے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر متنازع کتاب لکھنے پر وضاحت مانگی گئی ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیدیا گیا۔ کورٹ آف انکوائری کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کرینگے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے متعلقہ مجاز اتھارٹی سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جاسکیں۔ جبکہ اب پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی سابق آئی ایس آئی چیف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے سابق آئی ایس آئی سربراہ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔