بصارت سے محروم بچے ہماری قوم کا سرمایہ ہیں، ان کی بہتر پرور ش ، خصوصی تعلیم سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے،ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود وخصوصی تعلیم مسرت جبیں کی تقریب سے خطاب

پیر 28 مئی 2018 23:33

کوئٹہ۔28مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) بلوچستان بلائنڈ ریلیف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام بصارت سے محروم بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے کوئٹہ شہر کے ایک مخیر شہری کی جانب سے عید گفٹ دیئے جانے کے حوالے سے گزشتہ روز ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کی مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود وخصوصی تعلیم مسرت جبیں جبکہ تقریب کی صدارت سابق صوبائی وزیر و چیئر پرسن SOS ویلج روشن خورشیدبروچہ تھیں ۔

تقریب کے دیگر شرکاء میں غلام دستگیر ، محترمہ کوثر خورشید ، روبینہ شاہین اور بلائنڈ ایسو سی ایشن کے صدر نذیر شامل تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سماجی بہبود مسرت جبیں نے کہا کہ بصارت سے محروم بچے ہماری قوم کا سرمایہ ہیں لہٰذا ان بچوں کی بہتر پرور ش اور انہیں خصوصی تعلیم سے روشناس کرانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ سماجی بہبود ان بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بھر پور اقدامات کررہا ہے اور ان بچوں کیلئے کا لج کا قیام ان ہی کوششوں کی ایک کڑی ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ بصارت سے محروم بچے اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے معاشرے کے کسی بھی فرد سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

لہٰذا ملکی سطح پر ان خصوصی بچوں سے جج اور مقابلے کے امتحان سے سرکاری آفیسران بننا ان بچوں کی خدا داد صلاحیتیوں کا مظہر ہے انہوںنے کہا کہ ہمیں ان خصوصی بچوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضروت ہے لہٰذا اس سلسلے میں مخیرحضرات سپیشل ایجوکیشن اور خصوصاًبلائنڈ ریلیف ایسو سی ایشن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مالی معاونت کرکے اس کار خیر میں حصہ لیں تاکہ یہ بچے تعلیم یافتہ ، ہنر مند انسان بن کر باعزت زندگی گزار سکیں ۔ اس موقع پر بلائنڈ ریلیف ایسو سی ایشن کے صدر نذیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تقریب کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ایسو سی ایشن کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔