واٹربورڈ کے فیلڈ اور ٹیکنیکل اسٹاف کو اضافی ڈیوٹیوں ،چھٹی والے ایام میں کام کرنے پر اوورٹائم ادا کیا جائے ، چیئرمین واٹر بورڈ یونین

پیر 28 مئی 2018 23:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ یونائٹیڈ ورکرز یونین کے چیئرمین جوزف صنم ،صدر پنھل خان مسگی ،جنرل سیکریٹری اکرام خان ،مرکزی رہنمائوں چن زیب ،ناظم خان ،اشرف اعوان ،ممتاز مگسی اور رزاق بلوچ نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے فیلڈ اور ٹیکنیکل اسٹاف کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے ۔

اضافی ڈیوٹیاں انجام دینے اور چھٹی والے ایام میں کام کرنے کے باوجود اوورٹائم ادا نہیں کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ واٹر بورڈ سرکاری کالونیوں میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے کے باعث ملازمین کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔شہر بھر کے افراد کو پانی فراہم کرنے والے عملے کی اسٹاف کالونی کارساز میں پانی کی سہولت میسر نہیں ہے ۔جبکہ سیکورٹی نہ ہونے باعث آئے دن اسٹاف کالونیوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں ہورہی ہیں ۔

موجودہ ایم ڈی بھی شکایات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور واٹر کمیشن کے سربراہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واٹر بورڈ کے عملے کو قانون کے تحت بنیادی سہولتیں دلوائیں اور اضافی ڈیوٹیوں کی ادائیگی پر فیلڈ اور ٹیکنیکل اسٹاف کو اوورٹائم کی ادائیگی کی جائے ۔