بلدیہ وسطی کا ہنگامی اجلاس ، مون سون بارشوں کے امکان پر غور، برساتی نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی شروع کرنے کے احکامات

پیر 28 مئی 2018 23:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) کراچی میں شدید گرمی کے بعد مون سون بارش کے امکان کو مدّ نظر رکھتے ہوئے بارش کے دوران عوام کو بلدیاتی خدمات مہیا کرنے کے لئے بلدیہ وسطی میں ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کی۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر آفاق سعید ،بلدیہ وسطی سے تعلق رکھنے والے یوسیز کے چئیرمین اور وائس چیئرمین ، سپریٹنڈنگ انجینئر بلدیہ وسطی ،ڈائریکٹر سینی ٹیشن و دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برساتی نالوں کی صفائی فوری شرو ع کردی جائے تاکہ ممکنہ یا غیر متوقع کسی بھی حالت میں ہونے والی بارش کے سبب گلیوں اور سڑکوں پر پانی کھڑے ہوجانے کے معاملے کو بروقت ختم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد کراچی میں مون سون کا موسم شرو ع ہونے کا امکان ہے۔ قبل از وقت تیاری نہ ہونے کی وجہ سے ممکن ہے کہ بارش رحمت کے بجائے زحمت بن جائے۔

اس لئے سرِ دست تمام برساتی نالوں کی صفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چیئرمین ریحان ہاشمی نے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ میں ایمرجنسی رائج کرنے کے بعدکہا کہ کسی بھی علاقے میں، کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ بخشی جائے۔بارش کی ابتداء ہی سے پانی کی نکاسی کو مانیٹر کیا جائے ۔ جبکہ کسی بھی جگہ پانی کے تالاب نہ بننے پائیں۔اس سلسلے میں افرادی قوت اور دستیاب مشینری کا صحیح منصوبہ بندی کے تحت استعمال کیا جائے تاکہ برساتی نالوں کی صفائی بارشوں سے پہلے ممکن بنائی جاسکے دوسری جانب رمضان المبارک کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات مناسب رفتار کے ساتھ جاری ہیں جبکہ تجارتی اور رہاشی علاقوں سے کوڑا کرخت ڈمپنگ پوائنٹ پر منتقل کیا جارہا ہے بلدیہ وسطہ کا سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ صفائی کے عمل میں دن رات مشغول ہے ۔