محکمہ لائیو اسٹاک ضلع راولپنڈی کی زیر نگرانی کلر سیداں اور چوکپنڈوری میں خواتین میں دو سو پولٹری یونٹس تقسیم

پیر 28 مئی 2018 23:43

محکمہ لائیو اسٹاک ضلع راولپنڈی کی زیر نگرانی کلر سیداں اور چوکپنڈوری ..
کلرسیداں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ لائیو اسٹاک ضلع راولپنڈی کی زیر نگرانی کلر سیداں اور چوکپنڈوری میں منعقدہ تقاریب میں خواتین میں دو سو پولٹری یونٹس تقسیم کی گئیں۔کلر سیداں میں ایڈیشنل پرنسپل ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر شائستہ ظہور نے منعقدہ تقریب میں خواتین میں پانچ مرغیوں اور ایک مرغے پر مشتمل84 پولٹری یونٹس تقسیم کیں جبکہ چوکپنڈوری میں منعقدہ تقریب میں ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر صوبیہ ممتاز نے 84 یونٹس تقسیم کی ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر شائستہ ظہور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت مکاؤ پروگرام کے تحت پولٹری یونٹس کی فراہمی سے دیہی خواتین کی معاشی خود کفالت میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کلر سیداں میں یتیم بچوں اور بیواؤں کی مالی اعانت کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعے جھوٹیاں اور وہڑیاں بھی تقسیم کی گئی ہیں جن کی آفزائش اور دودھ کی پیداوار حاصل کر کے غریب خاندان باآسانی گزر بسر کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کا مقصد ایسے خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں مدد دینا ہے جن کی کوئی باقاعدہ آمدن نہیں اوراس مقصد کیلئے طے کی گئی حکمت عملی کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میں گائے بھینسیں ،جھوٹیاں اور وہڑیاں مفت تقسیم کی گئی ہیں اور جن مستحق بیواؤں میں یہ جانور تقسیم کئے گئے ہیں وہ ان کے دودھ سے آمدن حاصل کر کے باعزت زندگی گزار رہی ہیں۔