گرین ماتھ ، کھپرا، سونڈوالی سسری گوداموں میں بہاریہ مکئی پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچا سکتی ہے، خصوصی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت

پیر 28 مئی 2018 23:43

فیصل آباد۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) گرین ماتھ ، کھپرا، سونڈوالی سسری گوداموں میں بہاریہ مکئی پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذا ماہرین زراعت نے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے ۔ایک ملاقات کے دوران ماہرین زراعت نے بتایاکہ مکئی کی فصل کو سٹوروں میں سخت نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے لہٰذا انسدادی و احتیاطی تدابیر اور تدارکی اقدامات پر عمل کرکے کیڑوں کے حملے سے بچا جاسکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ انسدادی تدابیر کے طورپر کاشتکار اور دیگر افراد پر میتھرین یا ڈیلٹیا میتھرین بحساب ایک لیٹر 100لیٹر پانی میں ملا کر گودام میں اس کا اچھی طرح سپرے کریں۔ انہوں نے کہاکہ غلہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے کے بعد یہ زہریں حسب ضرورت دیواروں اور بوریوں پر بھی سپرے کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ گوداموں کے کیڑوں کے انسداد کیلئے زہریلی گیس کے استعمال کا طریقہ بھی انتہائی موزوں ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ اس مقصد کیلئے گوداموں کی کھڑکیاں اور روشندان اچھی طرح بند کرکے ایلومینیم فاسفائیڈ کی 25 سے 30گولیاں فی ہزار مکعب فٹ حجم کے حساب سے رکھ کر دروازے اچھی طرح بند کردیئے جائیں اور گودام کو اس حالت میں کم ازکم 7دن تک رکھاجائے کیونکہ اس عمل سے پیداشدہ گیس سے ہرقسم کے کیڑے تلف ہو جائیں گے ۔انہوںنے بتایاکہ مزید رہنمائی کیلئے کاشتکار ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :