کاشتکار چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہونے اور دانوں کے نوک دار سرے سیاہ ہونے پر فصل کی کٹائی شروع کردیں، ماہرین

پیر 28 مئی 2018 23:45

فیصل آباد۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء)کاشتکار چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہونے ، دانوں میں ناخن نہ چبھ سکنے اور دانوں کے نوک دار سرے سیاہ ہونے پر فصل کی کٹائی شروع کردیں کیونکہ جب مذکورہ علامات ظاہر ہو جائیں تو سمجھ لیاجائے کہ بہاریہ مکئی برداشت کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے بتایاکہ بہاریہ مکئی 120 سے 130دنوں میں پک کر تیار ہوجانیوالی ایک حساس فصل ہے جس کی کاشت سے برداشت تک ہر عمل بڑی محنت اور احتیاط کا متقاضی ہوتاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ جون کے آغاز سے ہی فصل پر نظر رکھنی چاہیے کیونکہ جب درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتاہے توفصل کی تیاری میں دیر نہیں لگتی۔ انہوںنے کہاکہ بہاریہ مکئی کی کٹائی کے وقت دن کافی بڑے اور دھوپ تیزہوتی ہے اس لئے اس کی کٹائی میں آسانی رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فصل کو برداشت کرنے اور اس کے بعد خشک کرکے گوداموں میں سنبھالنے کے دوران بھی خصوصی احتیاط کرنی چاہیے تاکہ تیار شدہ فصل سے بھرپور فائدہ اٹھایاجاسکے۔