فروٹ جوس کے نام پر کیمیل کا زہرپلانے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی،

عوام تازہ پھلوں یا مستند اور معیاری جوسز کا استعمال کریں،نورالامین مینگل

پیر 28 مئی 2018 23:45

لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کے جعلی جوس تیار کرنے والی فیکٹری سیل کر دی۔4 ہزارجعلی جوس کی تیار بوتلیںاور بھاری مقدار میں خام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نو رالامین مینگل نے تفصلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے شرق پورروڈ کے علاقے میں واقع جعلی جوس تیار کرنے والی بڑی فیکٹری پکڑ لی۔

فیکٹری سے 2فلنگ مشینیں، 2پیکنگ مشینیں،موٹر، 1سلنڈر سمیت تمام سامان اکھاڑ کر ضبط کر لیا گیا۔جعلی جوس میں فروٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی بلکہ انتہائی مضر صحت جوس میںمصنوئی فلیورز اور بھاری مقدار میںکیمیکل استعمال کیا جا تاتھا ۔

(جاری ہے)

کیمیکل اورمصنوئی فلیور سے بنے ایسے جوس معدے اور انتڑیوں سمیت متعددبیماریوں کی وجہ بنتے ہیں۔ اے کے مینگو جوس کا تمام تیار مال لاہور سمیت مختلف شہروں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔

ملاوٹ اور جعل ساز مافیا زیادہ تر اپنی مصنوعات کی فروخت کے لیے کم پڑھے لکھے علاقوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ سپلائی کے لیے تیار4000 جعلی جوس کی بوتلیں اور بھاری مقدار میںخام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔جوس کے نام پر عوام کو کیمیکل کا زہر پلانے والی فیکٹری کا پتہ ویجیلنس ونگ نے سپلائی چین کی ریکی کر کے لگایا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی جعلی کولڈ ڈرنکس مافیا سرگرم ہو جاتاہے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آپریشنز اور ویجیلنس ٹیمیں جوس، کولڈ ڈرنکس، مشروبات اور برف سمیت گرمیوں کی مصنوعات کی خصوصی نگرانی کر رہیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کہ تازہ پھلوں یا مستند اور معیاری جوسز کا استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :