ڈینگی مچھر کے مکمل خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے خصوصی پلان تشکیل دیدیا،ڈپٹی کمشنر

پیر 28 مئی 2018 23:46

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر کے مکمل خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کی خصوصی انسداد ڈینگی ٹیمیں حساس علاقوں میں سپرے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی و کمرشل مقامات پر ناقص صفائی کی وجہ سے ڈینگی لاروا ملا تو متعلقہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری اور فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈاکٹر عطاء الرحمن سمیت متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈینگی مچھر کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے افزائش کے موسم سے قبل ہی سپرے کر کے حساس علاقوں کو لاروے سے کلیئر کیا جائے گا تاکہ ڈینگی مچھر پروان نہ چڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے تعاون سے جیتے گی۔ ڈینگی سے گھبرانے کے بجائے احتیاط اور اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھنے کی ضرورت ہے۔

زاہد سہیل نے کہا کہ محکمہ صحت فوری طور پر جوہڑوں اور تالابوں پر خصوصی کیمیکل کا سپرے کر کے ڈینگی لاروے کو تلف کر ے تاکہ مچھروں کو وائرس پھیلانے سے روکا جاسکے۔ تمام محکموں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ موبائل اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت ڈینگی لاروے کی تلفی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تصاویر کنٹرول روم میں اپ لوڈ کریں ۔ ضلع ملتان گزشتہ 2برس سے ڈینگی فری ضلع ہے تاہم محکمہ صحت سمیت تمام محکمے مکمل استعداد کے ساتھ ڈینگی مچھر کی تلفی کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔