پنجاب کی ترقی میں پروفیشنل افسروں اور محنتی سٹاف نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا :شہباز شریف

اپنے افسروں اور سٹاف کا احسان کبھی نہیں بھول سکتا ، ٹیم ورک سے پورے صوبے کا نقشہ بدل کر رکھ دیا میرے افسروں نے پانچ سال دن رات بے پناہ محنت کی ، ان کے ساتھ گزارے لمحات قیمتی سرمایہ ہیں ، ایوان وزیر اعلی ملازمین کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب

پیر 28 مئی 2018 23:52

پنجاب کی ترقی میں پروفیشنل افسروں اور محنتی سٹاف نے ناقابل فراموش کردار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں پروفیشنل افسروں اور محنتی سٹاف نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا - ان کا احسان کبھی نہیں بھول سکتا - وزیراعلیٰ آفس کے افسران اورسٹاف کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹیم ورک سے صوبے کا نقشہ بدل دیاہے ۔

آج کی تقریب ایسے افراد کے اعزاز میں منعقد کی گئی ہے جن کی محنت سے حکومت کے ترقیاتی پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔انہوںنے کہا کہ محنتی اور دیانتدار افسروں نے پنجاب میں،ہمت اورعزم کی نئی داستان رقم کی ہے ۔میں قابل افسروں کی محنت اورپیشہ ورانہ مہارت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

بیوروکریسی اور سٹاف نے عوام کی خدمت اورترقیاتی پروگراموں کو کامیابی سے ہمکنارکرنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ میرے افسروں نے پانچ سال دن رات بے پناہ محنت کی ہے ، میں ان کا احسان تا قیامت نہیں بھول سکتا -میں فرداً فرداً اوراجتماعی طورپرسب کا مشکور ہوں ۔اپنی ٹیم کے ساتھ گزار ے گئے لمحات میری زندگی کاقیمتی سرمایہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقی اورخوشحالی کا جو سفر طے کیا ہے وہ پروفیشنل افسروں کی محنت کا مرہون منت ہے۔

پنجاب کی ترقی کے سفر میں وزیراعلیٰ آفس کے افسران اورملازمین برابر کے شریک ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سیلاب کے دنوں میں ہمارے افسروں اور اہلکاروں نے اپنی تمام تر صلاحیتیں عوام کی خدمت کے لئے وقف کر دیں- پنجاب حکومت کی پوری ٹیم نے ہمت ،تڑپ اورجذبے سے کام کرتے ہوئے مٹی کو سونا بنایا ہے اورپنجاب کے عوام کی ترقی کے سفر میں آپ کی شبانہ روز محنت بھی شامل ہے۔

پنجاب حکومت اچھے افسروں کی بھرپور کاوشوں کے باعث ہی ترقی کے اہداف کے حصول میں کامیاب ہوئی ہے ۔اچھے کاموں کی ستائش سے ہی معاشرے تیزی سے آگے بڑھتے ہیں ۔وزیر اعلی نے نام لیکر افسروں ، سٹاف ، ڈرائیوروں ، سپاہیوں اور دیگر اہلکاروں کی ستائش کی اورپانچ سالہ دور میں گزرنے والے مختلف واقعات کو دہرایا -وزیراعلیٰ نے افسروں اورملازمین کو شاندار کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹس پیش کئے۔

وزیراعلیٰ کی طرف سے ایوان وزیر اعلی کے افسروں اور سٹاف کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا-صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی،چیف سیکرٹری،پنجاب کے اعلی حکام کے علاوہ،وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اورملازمین نے تقریب میں شرکت کی-وزیر اعلی نے سابق سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور ، ایڈیشنل سیکرٹری شاہد اقبال اور محکمہ اطلاعات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔