سال قبل پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا جس کا سہرا نواز شریف کے سر سجتا ہے،نواز شریف کے اس اقدام پر نہ پوری امت مسلمہ کو ناز ہے

سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق اور وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب

پیر مئی 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ 20سال قبل آج کے دن پاکستان نے بھارت کی5 ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک اور قوم کا دنیا میں سر فخر سے بلند کر دیا جس کا سہرا ہمارے قائد محمد نواز شریف کے سر سجتا ہے،،نواز شریف کے اس اقدام پر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کو ناز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو یہاں پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپیٹل کے زیر اہتمام یوم تکبیر کی تقریب سے چٹھہ بختاور میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے الیکشن آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ 20 سال قبل آج 28 مئی کے دن پاکستان آج کے دن محفوظ سلطنت کے طور پر ابھراجس پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہر قسم کے دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کرنا نواز شریف کا قوم پر احسان ہے، ایٹمی دھماکوں کے بعد سعودی فرمانروا شاہ فہد نے کہا کہ میاں صاحب نے پاکستان پر ہی نہیں پوری اسلامی دنیا پر احسان کیا ہے ، اب سعودی عرب محفوظ ہو گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت ایٹمی دھماکے نہ کئے جاتے تو کبھی نہ ہوتے کیونکہ عالمی حالات بدل گئے تھے۔ میاں صاحب نے جرات اور لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا ، اس سے پاکستان سرخرو ہوا، اب میاں نواز شریف نے پاکستان کو اقتصادی طاقت بنانے کا کام شروع کیاجس میں انھوں نے خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ جب مشرف نے اسمبلیاں توڑیں اس وقت اس سے بڑی دشمنی پاکستان کے ساتھ نہیں ہوسکتی تھی۔

وہ پاکستان کو اسلامی تعملیات سے دور اور ملک کو سیکولر ریاست بنانا چاہتا تھا۔انھوں نے کہا کہ پرویزمشرف جب بھارت گئے تو انھوں نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کی جس سے کشمیر کازکو نقصان پہنچایا۔انھوں نے کہا کہ جب نواز شریف نے کہا کہ اب ہم پاکستان میں اقتصادی دھماکہ کریں گے تو اس فیصلے کے بعد نواز شریف کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کردی گئیں۔

تقریب کے میز بان وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے لالچ اور دھمکیوں کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،،ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان ایک محفوظ سلطنت کے طور پر ابھرا ہے۔ پاکستان تمام اسلامی دنیا کیلئے نجات دہندہ کا کردار ادا کر سکتا ہے، پاکستان کی ایٹمی کامیابی دنیا سے ہضم نہیں ہو رہی، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سازشوں کا سامنا ہے ،،دنیا جانتی ہے کہ پاکستان مضبوط ہے تو عالم اسلام مضبوط ہے، موجودہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت پاکستان مضبوط معاشی قوت بننے جا رہا ہے ، جس کا اعتراف تمام عالمی معاشی اداروں نے کیا ہے ۔

اسلام آباد میں 20ویں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں الزام تراشی کی سیاست ملک دشمنوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ الزام تراشی، دھرنوںاور جھوٹے مقدمات سے کامیابی نہیں ملتی ، مخالفت برائے مخالفت کرنے والے سیاستدانوں کو ذاتی مقاصد سے ہٹ کر ملکی مفادات کو مدنظر رکھنا چائیے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ہم ملک کے دفاع کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدر ی نے ملکی دفاع کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہر پاکستانی کو سلام پیش کیا۔