آج صوبائی حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کررہی ہے، یہ سندھ کے لوگوں کی کامیابی ہے

وزیراعلیٰ سندھ کا وزیر اعلی ہائوس میں الوداعی کابینہ اجلاس سے خطاب

پیر 28 مئی 2018 23:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج ایک تاریخی دن ہے کہ صوبائی حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کررہی ہے، یہ سندھ کے لوگوں کی کامیابی ہے جنہوں نے اسمبلی کو منتخب کیا اور یہ جمہوریت کی بھی فتح ہے جس کے لئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی قربان کی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیر اعلی ہائوس میں الوداعی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیر اور معاون خصوصی، چیف سیکریٹری رضوان میمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ ان کے 22 مہینے کی مدت کے دوران انہوں نے دن رات لگن اور ایمانداری کے ساتھ سندھ کے لوگوں کی خدمت کی، جنہوں نے انہیں منتخب کیا ہے۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر کی ترقی اور امن و امان کی بحالی کی جانب خصوصی توجہ دی اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم نہ صرف امن و امان بحال کرنے میں کامیاب رہے بلکہ ہم نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بھی فروغ دیا اور آج ہمارے صوبے میں پائیدار امن اور یکجہتی کی فضا قائم ہے۔ انفرااسٹرکچر کی ترقی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے دیہی اور شہری علاقوں کو برابری کی سطح پر ترقی دی، کراچی کو ایک خوبصورت عکس دیا اور سڑکوں کے نیٹ ورک کی ری اسٹرکچرنگ، انڈر پاسز اور اوور ہیڈ پلوں کی تعمیر سے ٹریفک کے رواں بہائو کا مسئلہ کسی حد تک حل ہو جائے گا مگر ٹریفک جام کا حل بی آر ٹی اور کے سی آر کی تعمیر میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی سسٹم پر کام جاری ہے جبکہ کے سی آر کا منصوبہ پائپ لائن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کا نیٹ ورک اور دریائے سندھ پر پلوں کی تعمیر سے صوبے کے تقریباً تمام اضلاع کو ملا دیا ہے، ہم نے ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک فاصلوں کو کم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تھر کول سے چند ماہ کے بعد بجلی کی پیدا وار شروع ہوجائے گی اور کان کنی کا کام بھی تکمیل کے مراحل میں ہے اور پاور پلانٹ کی تنصیب کا کام بھی تقریبا مکمل ہو چکا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) کے تصور کے تحت سندھ میں بہترین طریقے سے کام ہوا ہے، پی پی پی کے انتظامات کے تحت ہم نے دریائے سندھ پر پل تعمیر کیا، کراچی۔ ٹھٹھہ دو رویہ سڑک تعمیر کی اور دیگر سڑکیں اور متعدد منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان پر بھرپور اعتماد کیا اور ان کی کابینہ نثار کھوڑو، منطور وسان، سید سردار شاہ اور دیگر نے منصوبوں کی تکمیل کے لیے وزیراعلی سندھ کے ساتھ کام کیا۔

مراد علی شاہ نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ وہ اور ان کی کابینہ انتخابات کے لئے لوگوں کے پاس واپس جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ ہم نے سندھ کے لوگوں کے لئے اچھے انفرااسٹرکچر اور اچھی صحت کی خدمات، اچھی تعلیم کی صورت میں ان کے لئے کچھ کیا اور ہم ایک بار پھر ان کے لئے بہتر سے بہتر خدمات سرانجام دیں گے۔