محکمہ انسانی حقوق سندھ اور اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے درمیان معاہدے پر دستخط

پیر 28 مئی 2018 23:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) صوبہ سندھ میں انسانی حقوق پالیسی کی تشکیل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے محکمہ انسانی حقوق سندھ اور اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔ مفاہمتی یادداشت پر سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق سندھ اخترعنایت بھرگڑی اور یو این ڈی پی پاکستان کے نمائندے ذولفقارعلی نے دستخط کئے۔

،معاہدے کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری بھی شریک ہوئیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی ریحانہ لغاری نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق اب اپنے پیروں پر کھڑا ہورہا ہے اور دیگر اداروں کی طرح صوبہ میں کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ انسانی حقو ق میں اب بھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، اس محکمہ نے بہت کم عرصہ میں زیادہ پذیرائی حاصل کرلی ہے۔

انہوں نے یو این ڈی پی اور محکمہ انسانی حقوق سندھ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو ادارے کی کامیابی قراردیا اور کہا کہ اسی طرح آگے چل کر محکمہ دیگر اداروں کے ساتھ بھی اپنا تعاون بڑھائے گا۔ معاہدہ کے مطابق یو این ڈی پی محکمہ انسانی حقوق کو انسانی حقوق پالیسی سمیت دیگر امور میں تکنیکی اور دیگر معاونت فراہم کرے گا اور محکمہ کے عملہ کی تربیت وحوصلہ افزائی کے حوالے سے تربیتی پروگرام ترتیب دے گا۔