ملک میں 25جولائی کو الیکشن ہوتے نظرنہیں آرہے،میر عبدالکریم نوشیروانی

سیاسی پنڈتوں سے میری اپیل ہے کہ وہ اپنی شیروانیاں سلوانا فی الحال بند کردیں، مشیروزیراعلیٰ برائے ٹیکسیشن وٹرانسپورٹ

پیر 28 مئی 2018 23:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ٹیکسیشن وٹرانسپورٹ میر عبدالکریم نوشیروانی نے پیشن گوئی کی ہے کہ ملک میں 25جولائی کو الیکشن ہوتے نظرنہیں آرہے امکان اس بات کا ہے کہ یہ الیکشن نومبر اور دسمبر میں ہونگے لہٰذا پاکستان کے سیاسی پنڈتوں سے میری اپیل ہے کہ وہ اپنی شیروانیاں سلوانا فی الحال بند کردیںکیونکہ ابھی تک بہت سے حلقوں پر اعتراضات کی اپیلیں لگی ہوئی ہیںجب تک ان اپیلوں پر فیصلہ نہیں ہوتا اور آنے والا نیا نگراں سیٹ صحیح طریقے سے ٹریک پر نہیں آجاتا اس وقت تک الیکشن کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہایہ بات انہوںنے دبئی سے ٹیلی فون پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وزیراعلیٰ کے مشیر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ میں امید کرتاہوں کہ اس مرتبہ پاکستان میں جب بھی الیکشن ہوگاوہ شفاف اور صاف ستھرا ہوگااور عوام کو چاہیے کہ وہ صحیح معنوں میں محب وطن اور ایماندار لوگوں کو آگے لائیں کیونکہ ماضی میں وفاق اور چاروں صوبوں میںبہت سے تجربے کرچکے ہیں جن کے کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے، اس لئے میری اپیل ہے کہ عوام اچھی طرح سوچ وبچار اور چھان بین کرکے مخلص وایماندار لوگوں کو آگے لائیں انہوںنے کہاکہ بلوچستان کے عوام سے بھی میں اپیل کرتاہوں کہ وہ ووٹ کو عزت دیں کیونکہ اسی ووٹ سے ترقی آئے گی خوشحالی ، تعلیم آئے گی اورشعوربیدار ہوگا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگاانہوںنے کہاکہ ہم اگر1947ء سے لے کر اب تک کے سیاسی ماحول اور الیکشن پر نظردوڑائیں تو ہمیں ان میں بہت سے تجربات دکھائی دیتے ہیں جس سے ملک اورصوبوںاورخصوصاً عوام کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ملا اور یہ تمام تجربات ناکامی سے دوچار ہوئے،امید ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں بلوچستان کے عوام ایسے لوگوں کا چنائو کرینگے جو ان کے ووٹ کی عزت رکھیں گے ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرینگے، اب فوٹوسیشن اخباری بیانات تک کی ترقی اور فائلوں کا پیٹ نہیں بھراجائے گا بلکہ صحیح معنوں میں ترقی دی جائے گی لہٰذا عوام کو بھی اپنا رویہ بدلنا ہوگااوراپنے ووٹ کی عزت کرانی ہوگی۔