اقوام متحدہ کا شمالی کوریا پر عائد تیل کی پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے تیل کمپنیوں سے تعاون کا مطالبہ

منگل 29 مئی 2018 11:10

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک پینل نے تیل کی بڑی عالمی کمپنیوں سے شمالی کوریا پر تیل کی برآمدی پابندیوں پر عمل درآمد میں مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ ماہرین کے پینل نے 10 مئی کو 24 کمپنیوں کو لکھے گئے ایک خط میں، ان پابندیوں پر عمل درآمد کے حوالے سے ایک ماہ کے دوران اٹھائے گئے اقدامات، اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں رپورٹ کرنے کو کہا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گزشتہ برس منظور کی گئی ایک قرار داد میں شمالی کوریا کو خام تیل، پٹرول اور صاف تیل کی دیگر مصنوعات کی برآمد کرنے کی حد مقرر کی گئی تھی۔پینل نے تیل کی ان کمپنیوں سے خودکار شناختی نظام بند کیے گئے بحری جہاز استعمال کرنے والی شپنگ کمپنیوں کے ساتھ کام نہ کرنے کو کہا ہے۔اس میں شپنگ معاہدے میں ایسی شرط ڈالنے کا بھی کہا گیا ہے جس کے تحت بحری جہاز میں خود کار شناختی نظام بند ہونے کی صورت میں،انشورنس کمپنی کے لیے انشورنس پالیسی قابل قبول نہیں ہو گی۔ان اقدامات کا مقصد شمالی کوریا کے بحری جہازوں پر خفیہ طور پر جہاز سے جہاز تیل کی منتقلی کے ذریعے تیل کا حصول روکنا ہے۔