فلم ’راؤڈی راٹھور‘ کا دوسرا سیکوئل بنانے کی تیاریاں

اسکرپٹ اپنے حتمی مراحل میں ہے صرف سنجے لیلا بھنسالی کی اجازت کا انتظار ہے،پروڈیوسر

منگل 29 مئی 2018 11:50

فلم ’راؤڈی راٹھور‘ کا دوسرا سیکوئل بنانے کی تیاریاں
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) بالی ووڈ کی مشہور کامیڈی اور ایکشن فلم ’ راؤڈی راٹھور ‘کے دوسرے سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ بالی ووڈ میں آج کل نئی فلموں کے بجائے پرانی ہی فلموں کے سیکوئل بنانے کا رواج عام ہو گیا ہے اور اس ضمن میں کامیڈی فلموں کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے جب کہ مداحوں کی جانب سے بھی ایسی فلموں کو بے حد پسند بھی کیا جارہا ہے جس کی مثال ’ہاوس فل‘، ’دھمال‘، ’گول مال‘ اور ’جڑواں‘ جیسی فلموں کی کامیابی سے ملتی ہے یہی وجہ ہے کہ فلم ’راؤڈی راٹھور‘ کا بھی سیکوئل بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کی ایکشن اور کامیڈی فلم ’ راؤڈی راٹھور‘ کا دوسرا سیکوئل بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ فلم کی پروڈیوسر شبینا خان نے تصدیق کی ہے کہ فلم ’راؤڈی راٹھور‘ کا اسکرپٹ اپنے حتمی مراحل میں ہے لیکن صرف سنجے لیلا بھنسالی کی اجازت کا انتظار ہے جس کے بعد فلم کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پروڈیوسر شبینا خان نے مزید کہا کہ فلم کی کہانی لکھنے میں توقعات سے بڑھ کر زیادہ وقت لگا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اس فلم میں اکشے کمار ہماری پہلی اور آخری چوائس ہیں۔واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی پروڈکشن میں 45 کروڑ کے بجٹ سے 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’راؤڈی راٹھور‘ میں اکشے کمار کے مد مقابل سناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ فلم نے بھارت میں 133 کروڑ کا بزنس کیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :