پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے اوپنر مارک اسٹون مین ڈراپ ،ْ جیننگز طلب

اسٹونمین کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی اس لیے ان کی جگہ کیٹن جیننگز کو موقع دیا گیا ہے ،ْ چیف سلیکٹر انگلش ٹیم

منگل 29 مئی 2018 12:48

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے اوپنر مارک اسٹون مین کو ڈراپ کردیا ہے اور کیٹن جیننگز کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔انگلینڈ نے اوپنر مارک اسٹون مین کو خراب پرفارمنس پر ڈراپ کیا ،انہوں نے انگلش ٹیم کی جانب سے 11 ٹیسٹ میچوں میں 5 نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن ان میں سے کسی میں بھی وہ 60رنز سے زیادہ نہ بنا سکے اور جب ان کو 2017 میں پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ایشز ٹیسٹ کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگی ان کی پرفارمنس مزیدخراب ہوگئی تھی۔

مارک اسٹون مین کی جگہ انگلینڈ میں شامل کیے جانے والے بیٹسمین کیٹن جیننگزنے ڈیبیو بھارت کے خلاف ممبئی ٹیسٹ میں دسمبر 2016میں کیا تھا جہاں انہوں نے ڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی اور 112رنز بنائے تھے تاہم پھر وہ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے تھے اور ٹیم سے ڈراپ ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

کیٹن جیننگز اس وقت کائونٹی چمپئن شپ میں اچھی فارم میں نظر آئے انہوں نے 2 سنچریوں کی مدد سے 45کی اوسط سے 316رنز اسکور کیے جبکہ رائل لندن کپ میں 76کی اوسط سے 306رنز بنائے ہیں جس ایک سنچری اور 2نصف سنچریاں شامل ہیں۔

پاکستان نے انگلینڈ کو گزشتہ روز لارڈز میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر2 میچوں کی سیریز میں 0-1سے برتری حاصل کی جبکہ مارک اسٹون مین میچ کی دونوں اننگز میں صرف 13 رنز اسکور کر سکے تھے،وہ پہلی اننگز میں محمد عباس کے ہاتھوں بولڈ ہوئے جبکہ دوسری اننگز میں وہ شاداب خان کی گیند پر پھر بولڈ ہوگئے تھے۔انگلش چیف سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے کہا کہ اسٹونمین کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی اس لیے ان کی جگہ کیٹن جیننگز کو موقع دیا گیا ہے جنہوں نے اب تک کاو?نٹی سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2012 میں اینڈریو اسٹراس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے انگلینڈ کو اپنے سب سے کامیاب بلے باز ایلسٹر کک کا اوپننگ پارٹنر ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد کھلاڑیوں کو آزمانے کے باوجود ابھی تک کوئی بھی بلے باز خود کو کک کا اچھا جوڑی دار ثابت نہیں کر سکا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ یکم جون سے ہیڈنگلے میں شروع ہو اور پاکستان کو سیریز میں 0-1کی برتری حاصل ہے