بھارتی فوجیوں نے شوپیان میںمکانوں اورگاڑیوںکی توڑ پھوڑ کی اور باغات کو نقصان پہنچایا

یہ کارروائی کشمیر کاز کے لیے ہمارے عزم کی وجہ سے ہمیں اقتصادی طورپر کمزور کرنے کی سازش کا حصہ ہے

منگل 29 مئی 2018 12:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیان کے علاقے سُگن میں پانچ درجن سے زائد مکانوں اورگاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی اور باغات کو نقصان پہنچایاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ضلع کے علاقے چھی پورہ میں قائم بھارتی فوج کی 44راشٹریہ رائفلز کے سینکڑوں اہلکاروں نے علاقے میں داخل ہوکر مکانوں، گاڑیوں اور باغات کو نقصان پہنچانا شروع کیا۔

انہوں نے اس کارروائی کو کشمیر کاز کے لیے ان کے عزم کی وجہ سے انہیں اقتصادی طورپر کمزور کرنے کی سازش کا حصہ قراردیا۔ایک باغ کے مالک وکیل احمد نے کہا بھارتی فوج معصوم شہریوں کو کیوں نشانہ بنارہی ہے۔ انہوںنے کہا فوجیوں نے ان کے باغ میں ایک درجن سے زائد درخت کاٹ دیے اور دیگر باغات میں پھلوں کو نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سُگن میں عبدالاحدشاہ، محمد امین گنائی، غلام نبی گنائی، گل محمد گنائی، بشیر احمد گنائی اوردیگر کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے جو چیز بھی بھارتی فوجیوں کی راہ میں آئی انہوںنے اسے نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بربریت ہے اور ہم ان ہتھکنڈوں سے دبنے والے نہیں ہیں۔ آزادی کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے ایک مجاہدکے گھر میں گھس کر قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ کی ۔ مجاہد کے والد نے کہاکہ میرا بیٹا تین سال پہلے گھر چھوڑ کر گیا ہے لیکن ہمیں کیوں نشانہ بنایا جارہا ہی انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ہمارے مکان کی توڑ پھوڑ کی ، میرے چھوٹے بیٹے کالیپ ٹاپ اور لاکر سے 22ہزار روپے چوری کئے اور گھر میں موجود ہرچیز کو نقصان پہنچایاجبکہ بھارتی فوجی ہمارا ایک سیل فون بھی اٹھا کر لے گئے۔