شرح سود میں اضافہ نئی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہے‘افتخار بشیر

شرح سود بڑھنے سے بنکوں کے ڈیپازٹ میں تو اضافہ ہورہا ہے لیکن صنعتی ترقی میں کمی واقع ہورہی ہے

منگل 29 مئی 2018 13:54

شرح سود میں اضافہ نئی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہے‘افتخار بشیر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بنک کی جانب سے شرح سود میں اضافہ نئی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہے شرح سود میں اضافہ سے بنکوں کے ڈیپازٹ میں تو اضافہ ہورہا ہے لیکن اس کے باعث صنعتی ترقی میں کمی واقع ہو گی کیونکہ شرح سود میں اضافہ سے صنعتی مقاصد کے لیے قرضوں میں خودبخود اضافہ ہوگیا ہے جس سے صنعتکار پریشانی کا شکار ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر نے کہا کہ پاکستان میں بلند شرح سود اور عالمی معاشی حالات میں ابتری کے باعث پاکستانی درآمدات اور برآمدات بھی متاثر ہورہی ہیں اس لیے اسٹیٹ بنک شرح سود میں اضافہ کو فوری واپس لے کیونکہ خطہ میں پاکستان میں شرح سود سب سے زیادہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شرح سود میں اضافہ سے عوام نئی سرمایہ کاری کی بجائے بنکوں میں رقم رکھنا زیادہ محفوظ سمجھ رہے ہیں اگر یہی رقم نئی صنعتوں کے قیام میں استعمال ہوگی تو اس سے ملکی صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگااورملک میں روزگار کے نئے مواقع میسر آتے بے روزگاری میں کمی واقع ہوتی اورصنعتی ترقی کے باعث حکومت کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوتا۔