بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر وزارت خارجہ‘ پارلیمان نوٹس لیں، رشید گوڈیل

منگل مئی 13:54

بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر وزارت خارجہ‘ پارلیمان ..
اسلام آباد۔ 29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل نے بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر وزارت خارجہ‘ پارلیمان نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں رشید گوڈیل نے نکتہ اعتراض پر فاٹا کے انضمام پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ 2013ء میں 55 ہندو خاندانوں نے بھارت نقل مکانی کی تھی۔

(جاری ہے)

اس وقت بھارتی میڈیا اور پارلیمان نے پوری دنیا کو سر پر اٹھا لیا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ نہیں۔ بعد میں پتہ چلا کہ وہ کاروباری معاملات کے لئے بھارت گئے تھے جن میں سے بعض واپس آگئے۔ بھارت میں مسلمانوں کو گائے کے ذبیحہ اور دیگر معمولی ایشوز پر مسلمانوں کو قتل کیا جارہا ہے۔ ہماری وزارت خارجہ‘ پارلیمان اور میڈیا کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ بڑے ڈیموں کی تعمیر پر قومی مذاکرہ ہونا چاہیے۔