قصائیوں کوجانورسرکاری مذبح خانے میں ذبح کرنے کا پابند بنایا جائے ‘محمدعثمان محسود

منگل 29 مئی 2018 14:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان محسود نے ٹی ایم اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹ میں مضر صحت اور خراب گوشت کے تدارک کے لیے قصائیوں کوجانور سرکاری مذبح خانے میں ذبح کرنے کا پابند بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے عرصہ دراز سے تعمیر کردہ ٹی ایم اے کے مذبح خانے کو فوری طور طورپر کھولنے کا انتظام کیا جائے ۔

(جاری ہے)

وہ حلال فوڈ اتھارٹی ، ٹی ایم اے، لائیو سٹاک حکام اور نائب تحصیل ناظم کے ہمراہ ٹی ایم اے کے سلاٹر ہاؤس کے معائنے کے موقع پر بات چیت کررہے تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سلاٹر ہاؤس کی عدم فعالیت کی وجہ قصائی گلی محلوں میں ذبح کررہے ہیں جس سے نہ صرف مقامی لوگوں کا جینا اجیرن ہے بلکہ ان پر وہاں کوئی چیک بھی نہیں جس کی وجہ غیر معیاری گوشت کا فروخت عام ہے ۔اُنہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ سلاٹر ہاؤس کو فعال بناکر اس سے باہر ذبیحہ پر پابندی لگائی جائے ۔اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ سلاٹر ہاؤس میں لائیوسٹاک کا نمائندہ جانور کی صحت مند ہونے کا سرٹیفیکیٹ دے گا جبکہ ٹی ایم اے صفائی اور الائشیں ٹھکانے لگانے کا نظام بھی وضع کرے۔