وفاقی بجٹ کے دوران پارلیمنٹ ہائوس میں کل وقتی ڈیوٹی کرنے والے ہی اعزازیے کے اہل ہیں، قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کی ذیلی کمیٹی

منگل 29 مئی 2018 14:57

وفاقی بجٹ کے دوران پارلیمنٹ ہائوس میں کل وقتی ڈیوٹی کرنے والے ہی اعزازیے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کی ذیلی کمیٹی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کے دوران پارلیمنٹ ہائوس میں کل وقتی ڈیوٹی کرنے والے ہی اعزازیے کے اہل ہیں،اپنے دفاتر میں بیٹھ کر اعزازیہ لینے والوں سے رقوم کی ریکوری کی جائے۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس منگل کو ڈاکٹر فوزیہ حمید کی صدارت میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو وزارت داخلہ کے حکام نے رپورٹ پیش کی کہ وفاقی بجٹ کی دوران فرائض سرانجام دینے والے پولیس، سپیشل برانچ اور پولیس کے دوسرے اداروں کے ملازمین کو اعزازیے جون کی تنخواہ کے ساتھ ادا کر دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزارت کمیونیکیشن کے حکام نے بتایاکہ دریائے راوی پر سید والا کے مقام پر پل کی تعمیر سے متاثرہ لوگوں کو معاوضے کی رقم ڈی سی او ننکانہ اور اوکاڑہ کو ادا کر دی گئی ہے جو جلد ادا کر دی جائے گی۔

اجلاس کو وزارت خزانہ کے حکام نے بتایاکہ کنٹرولر جنرل آفس کے کسی ملازم کا اعزازیہ نہیں بنتا تھا لیکن سابق اے جی پی آر سمیت کنٹرولر جنرل آفس کے ملازمین کو اعزازیہ دیا گیا ہے۔ ذیلی کمیٹی نے استفسار کیا کہ بجٹ سیشن میں پارلیمنٹ ہائوس نہ آنے والے کیسے اعزازیہ لے سکتے ہیں۔