ترکی میں چیمبر کی بزنس کانفرنس سے پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت بہتر ہو گی ،ْ شیخ عامر وحید

منگل 29 مئی 2018 14:59

ترکی میں چیمبر کی بزنس کانفرنس سے پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت بہتر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنی رہائش گاہ پر ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں ترکی کے سفیر جناب احسن مصطفی یرداکل نے بھی شرکت کی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، شکیل منیر، شیخ عبدالوحید اور دیگر بھی افطار ڈنر میں موجود تھے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے ترکی کے سفیر جناب احسن مصطفی یرداکل کو بتایا کہ چیمبر 27اور 28جون 2018کو ترکی کے شہر استنبول میں ایک برنس کانفرنس منعقد کرے گا اورچیمبر کا تقریبا 400بزنس مینوں پر مشتمل تجارتی وفد اس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکی کے بزنس مینوں کو بھی بزنس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ترکی میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا مقصد پاکستان اور ترکی کے نجی شعبوں کو براہ راست ملاقات کے مواقع فراہم کرنا ہے تا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بزنس کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔شیخ عامر وحید نے کہا کہ 28جون کو چیمبر استنبول میں ایک ایوارڈ تقریب بھی منعقد کرے گا جس میں پاکستان کے برآمدات و تجارت سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بزنس مینوں وکمپنیوں کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔

ایوارڈ تقریب میں استبول کی اعلیٰ شخصیات اور تاجر برادری کو مدعو کیا گیا ہے تا کہ وہ پاکستان کے نجی شعبے کی عمدہ کارکردگی کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کر کے ان کے ساتھ کاروباری شراکتوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کا سفارتخانہ بزنس کانفرنس اور ایوارڈ تقریب کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر قائم کیا جائے کیونکہ دونوں متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کا سب سے بہتر طریقہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے اور چیمبر کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس کا انعقاد ان مقاصد کے حصول کی طرف ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو گا۔ترکی کے سفیر جناب احسن مصطفی یرداکل نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا کیونکہ اس سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کو براہ راست ملاقات کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ کاروبارکو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ ترکی کا سفارتخانہ بزنس کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تعاون کرے گا تا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔