تحریک انصاف نے پانچ سال میں ہری پور میں جتنے ترقیاتی کام کئے تاریخ میں ان کی مثال نہیں ملتی، عمر ایوب خان

منگل 29 مئی 2018 15:27

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) ہری پور سے امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 17 سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے گذشتہ پانچ سال میں ہری پور میں جتنے ترقیاتی کام کئے ہیں تاریخ میں ان کی مثال نہیں ملتی، آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر جیت کر ہری پور کو ماڈل ضلع بنائیں گے۔ وہ یہاں مختلف مواضعات میں کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

حلقہ نیابت کے مختلف علاقوں کے وزٹ کے دوران عوامی حلقوں کی جانب سے ان کا زبردست استقبال کیا گیا اور انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے آمدہ الیکشن میں ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے گذشتہ پانچ سالوں کے دوران ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں جن میں سے بے شمار منصوبے مکمل جبکہ اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، یہ منصوبے مکمل ہونے سے عوام کا معیار زندگی بدلے گا، انشاء الله آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے باقی ماندہ مسائل بھی حل کر کے ہری پور کو ماڈل ضلع بنائیں گے، لوگوں کو چاہئے کہ ترقی کے اس سفر کو جاری و ساری رکھنے کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔